سردار فاروق مغل آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن راولپنڈی اسلام آباد کے صدر منتخب

اسلام آباد (پی پی اے) آل پاکستان پیٹرول پمپس اونرز ایسوسی ایشن راولپنڈی اسلام آباد کے صدارتی انتخابات میں انتخابی نشان شیر کے امیدوار سردار فاروق مغل انتخابی نشان موم بتی کے امیدوار عبدالعزیز کو شکست دے کر صدر منتخب ہوگئے۔ انتخابات میں مجموعی طور پر 300 ڈیلرز میں سے 222 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سردار فاروق مغل نے 183 ووٹ حاصل کیے جبکہ عبدالعزیز کو 39 ووٹ ملے۔انتخابی نتائج کے اعلان کے بعد شرکاء نے نومنتخب صدر سردار فاروق مغل کو مبارکباد دی۔ چیف الیکشن کمشنر غلام عباس نے انتخابات کے کامیاب انعقاد پراپنے معاونین چوہدری اجمل اور الیاس، مرکزی چیئرمین ہمایوں خان وائس چیئرمین نعمان علی بٹ سمیت تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جن کی رہنمائی میں ڈویژن کے انتخابات کا عمل مکمل ہوا،اس موقع پر دیگر اضلاع میں بھی انتخابی عمل جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا۔تقریب کے مہمان خصوصی آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ہمایوں خان نے سردار فاروق مغل کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک جمہوری عمل تھا جو آج پایۂ تکمیل کو پہنچا ہے۔ انہوں نے انتخابی عمل مکمل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کو بھی مبارکباد پیش کی۔ہمایوں خان نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی بنیاد رکھنے میں نعمان علی بٹ اور چوہدری انعام الحق کا اہم کردار ہے، پٹرول پمپ مالکان ملک کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز میں شامل ہیں، تاہم پالیسی سازی کے دوران ان سے مشاورت نہیں کی جاتی اور ان کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن پٹرول پمپ مالکان کے انفرادی اور اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پٹرول پر 100 روپے ریلیف کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے پٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیوی کے خاتمے کے ذریعے پورے پاکستان کے عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جانا چاہیے۔ ایسوسی ایشن کسی فرد کی ذاتی جاگیر نہیں بلکہ پٹرول پمپ مالکان کی اجتماعی نمائندہ تنظیم ہے۔ ضلعی ایسوسی ایشنز مضبوط ہوں گی تو ملک بھر کی ایسوسی ایشن بھی مضبوط ہوگی۔اس موقع پر وائس چیئرمین آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نعمان علی بٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پٹرول پمپ اونرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت نے 100 روپے سبسڈی دے کر اس کا مالی بوجھ پٹرول پمپ مالکان پر ڈال دیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ سبسڈی کی رقم پٹرول پمپ مالکان کو کس طریقہ کار کے تحت واپس ملے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے پٹرول کی قیمت چھ ماہ میں تبدیل ہوتی تھی، اب صورتحال یہ ہے کہ ایک دن میں بھی قیمت تبدیل ہوجاتی ہے۔ گاڑی پٹرول پمپ تک پہنچنے سے پہلے ہی ریٹ تبدیل ہوجاتا ہے، جس سے ڈیلرز کو مالی نقصان اور انتظامی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔نعمان علی بٹ نے کہا کہ پٹرول پمپ مالکان کی حکومت کے ساتھ ساتھ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے ساتھ بھی جنگ ہے۔ پٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی کے طریقہ کار کو انہوں نے چور بازاری قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات کا بوجھ پٹرول پمپ مالکان پر نہیں ڈالا جانا چاہیے۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس اہلکار پٹرول پمپوں پر جاکر مالکان کو تھریٹ کرتے ہیں، جس سے کاروباری طبقہ مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے پٹرول پمپ ڈیلرز اور مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے تیاری رکھیں، جلد کال دی جائے گی۔نومنتخب صدر سردار فاروق مغل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تمام دوستوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وہ ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اترنے اور پٹرول پمپ مالکان کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلرز کے کمیشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے بھی آواز اٹھائی جائے گی۔صدارتی امیدوار عبدالعزیز نے بھی تمام ووٹرز اور دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں حصہ لینا جمہوری عمل کا حصہ ہے اور وہ ایسوسی ایشن کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔تقریب سے سینئر نائب صدر راولپنڈی اسلام آباد چوہدری آصف محمود تاج، خیبر پختونخوا سے جان عالم خان، گل نواز آفریدی، شیخ صفی قیوم اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور نومنتخب صدر سردار فاروق مغل کو مبارکباد پیش کی۔ مقررین نے پٹرول پمپ مالکان کو درپیش مسائل کے حل، ڈیلرز کے حقوق کے تحفظ اور ایسوسی ایشن کو مزید فعال و مضبوط بنانے پر زور دیا

Comments (0)
Add Comment