اسلام آباد ( پی پی اے): سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیاں سکیورٹی فورسز کے عزم، بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کی عکاس ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم و حوصلے کو تقویت دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان ملک کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، جبکہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سردار ایاز صادق نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔