اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں پیش رفت، ترک سرمایہ کاروں کی شرکت اور دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مزید آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق ملاقات میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے حکومت کی جانب سے مکمل کیے گئے اقدامات اور جاری عمل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاور ڈویژن نے نجکاری کے لیے درکار پالیسی اصلاحاتی اور ادارہ جاتی امور مکمل کر لیے ہیں جبکہ عملی عمل متعلقہ فورم اور نجکاری کمیشن کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے
سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ حکومت بجلی کے شعبے میں نجی شعبے کی مؤثر شرکت کے ذریعے تقسیم کے نظام کی کارکردگی، مالیاتی پائیداری، انتظامی امور اور صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل پیرا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون مضبوط بنیادوں پر قائم ہے انہوں نے اپنے دورۂ ترکیہ کے دوران دونوں ممالک کے توانائی کے اہم اداروں کے درمیان طے پانے والی تین مفاہمتی یادداشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان معاہدوں سے بجلی کی منڈی، ترسیل اور تقسیم کے شعبوں میں ادارہ جاتی تعاون کے لیے مضبوط بنیاد فراہم ہوئی ہے
انہوں نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترک کمپنیوں کی دلچسپی اور شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترک کمپنیوں کا عملی تجربہ اور توانائی کے شعبے میں مہارت پاکستان کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے بجلی کے شعبے میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی دعوت بھی دی ترک سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پاکستان میں بجلی کے شعبے میں جاری اصلاحات اور نجی شعبے کی شرکت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ترک کمپنیاں پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں ترک سرمایہ کاروں کی شرکت دونوں ممالک کے معاشی تعاون کو مزید مضبوط کرے گی ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے متعلقہ ادارے توانائی کے شعبے میں اصلاحات سرمایہ کاری، تکنیکی تعاون اور نجی شعبے کی شمولیت کے فروغ کے لیے باہمی روابط مزید مستحکم کریں گے