زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے، وزیراعظم

اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے اسے معاشی استحکام کی جانب ایک اور تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچنا معاشی ٹیم کی دن رات محنت اور درست سمت میں کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔ ترسیلات زر اور خدمات کی برآمدات میں نمایاں بہتری، کرنٹ اکاؤنٹ کی بہتر صورتحال اور مالیاتی نظم و ضبط نے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک پاکستان کی دوبارہ کامیاب رسائی ملکی معیشت پر عالمی اعتماد کی بحالی کا مظہر ہے۔ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ نہ صرف ملکی بیرونی ادائیگیوں کی صلاحیت کو مضبوط بنائے گا بلکہ عالمی معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی استعداد بھی بڑھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم معاشی پوزیشن ملک میں بیرونی اعتماد، سرمایہ کاری اور پائیدار معاشی ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، گورنر اسٹیٹ بینک، حکومت کی معاشی ٹیم اور بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اس اہم کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا۔ بیان کے مطابق ماضی کے برعکس زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ اضافہ بیرونی قرضوں میں اضافے کے ذریعے نہیں بلکہ بنیادی طور پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے زرمبادلہ کی خریداری کے باعث ہوا ہے۔ مزید برآں، اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ سے متعلق اپنی واجبات میں بھی نمایاں کمی کی ہے.

Comments (0)
Add Comment