اسلام آباد (پی پی اے) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے۔ جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ صدرِ مملکت نے شہید جوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔