اسلام آباد( پی پی اے) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کی ہلاکت سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مادرِ وطن کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ قوم اپنے عظیم شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وفاقی وزیر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔ انہوں نے مزید دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے