طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان کا عالمی امن ایوارڈ

لاہور ( پی پی اے): چیئرمین پاکستان علما کونسل اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے رابطہ کار حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو چرچ آف پاکستان کی جانب سے عالمی امن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ترجمان علما کونسل کے مطابق لاہور میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں چرچ آف پاکستان کے صدر بشپ آزاد مارشل نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو یہ اعزاز پیش کیا اور پاکستان میں امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے چرچ آف پاکستان اور بشپ آزاد مارشل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بشپ آزاد مارشل کی قیادت میں چرچ آف پاکستان مختلف مذاہب اور مسلم مکاتبِ فکر کی قیادت کے ساتھ مل کر امن، قومی سلامتی اور پاکستان کے استحکام کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے مسلم و غیر مسلم مذہبی قیادت کی مشترکہ جدوجہد پاکستان میں امن، بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اور قومی وحدت کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے امن، مکالمے، مذہبی ہم آہنگی اور تمام پاکستانیوں کے جائز حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر بشپ آزاد مارشل نے کہا کہ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے پاکستان میں مقیم غیر مسلم شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور مختلف مذاہب کے درمیان مکالمے و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے لیے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کا قومی و عالمی کردار قابلِ ستائش ہے

Comments (0)
Add Comment