کراچی (پی پی اے) میری پہچان پاکستان کے سیکریٹری نشر و اشاعت محمد رضوان خان، رکن ابرار احمد صدیقی، ایان سمید اور دیگر رہنماؤں نے کراچی میں پاکستان عوام پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی، جنرل سیکریٹری مفتاح اسماعیل اور کراچی کے صدر شیخ صلاح الدین سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال، وفاقی اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی، بلدیاتی اختیارات، عوامی مسائل اور قومی یکجہتی کے فروغ سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمد رضوان خان نے کہا کہ سابق گورنر سندھ، نشانِ امتیاز اور میری پہچان پاکستان کے روحِ رواں ڈاکٹر عشرت العباد خان نے نئے صوبوں، نئی انتظامی اکائیوں، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوامی ریفرنڈم کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا ہے، اس میں پاکستان عوام پارٹی کے مؤقف سے کئی نکات پر ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اہم قومی معاملات پر حتمی فیصلوں کا اختیار عوام کو ملنا چاہیے اور اس مقصد کے لیے آئینی، جمہوری اور پرامن طریقۂ کار کے تحت قومی مکالمے اور عوامی ریفرنڈم کی راہ اختیار کی جانی چاہیے۔ قومی اہمیت کے معاملات میں عوام کی براہِ راست رائے کو اہمیت دینا ضروری ہے۔ محمد رضوان خان نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کا مؤقف کسی جماعت یا علاقے کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی مضبوطی، قومی یکجہتی، انتظامی اصلاحات اور عوامی شمولیت کے حق میں ہے۔ پاکستان ہماری دھرتی ماں ہے جبکہ تمام صوبے اس کے مضبوط حصے ہیں، اس لیے محبت، بھائی چارے، اتحاد اور قومی یکجہتی کی سیاست ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔ انہوں نے سندھ میں لسانی، سیاسی اور انتظامی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، تعصب اور تقسیم کے بجائے قومی وحدت اور باہمی احترام کو فروغ دیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کو پاکستان مخالف اور علیحدگی پسند نعروں کے حوالے سے واضح مؤقف اختیار کرنا چاہیے جبکہ قومی اداروں، جامعات اور سرکاری فورمز پر آئین،ع ملکی سالمیت اور قومی وحدت کے مطابق سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کے دفاع، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو عوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حلقے پاکستان کے استحکام، امن اور ترقی کے لیے مؤثر اقدامات کے خواہاں ہیں۔ پاکستان عوام پارٹی کی قیادت سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی پی وفد نے امید ظاہر کی کہ پاکستان عوام پارٹی وسیع تر قومی مفاد، جمہوری استحکام، عوامی فلاح، انتظامی اصلاحات اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ وفد نے کہا کہ میری پہچان پاکستان نفرت کے بجائے محبت، تصادم کے بجائے مکالمے اور تقسیم کے بجائے قومی اتحاد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اسی پیغام کو عوام تک پہنچانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ ملاقات کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی، استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی