فری لانسرز کی برآمدات میں رواں مالی سال 44 فیصد سے زائد اضافہ

اسلام آباد (پی پی اے) انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں فری لانسرز کی قومی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 44 فیصد سے زائد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران فری لانسرز کی برآمدات 352 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ حجم 244 ملین ڈالر تھا۔ اس طرح رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں فری لانسرز کی برآمدات میں 108 ملین ڈالر یعنی 44.26 فیصد اضافہ ہوا۔ اعداد و شمار کے مطابق جولائی اور اگست 2026 کے دوران فری لانسرز نے آئی ٹی سے متعلق خدمات کی برآمدات سے 213 ملین ڈالر جبکہ غیر آئی ٹی خدمات کی برآمدات سے 139 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا۔ پاکستان فری لانسرز ایسوسی ایشن کے ابراہیم عاصم نے کہا کہ عالمی فری لانسنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی فری لانسرز کی موجودگی مستحکم ہونے کے باعث برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستانی فری لانسرز تیزی سے بدلتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات، بالخصوص مصنوعی ذہانت کے آلات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد فری لانسرز ٹیموں کی صورت میں کام کرنے کے علاوہ بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر رجسٹرڈ اداروں کے ذریعے مختلف نوعیت کی خدمات بھی فراہم کر رہے ہیں۔ ابراہیم عاصم نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے، نجی شعبہ اور غیر سرکاری تنظیمیں آئی ٹی مہارتوں کے فروغ کے لیے مختلف تربیتی کورسز کرا رہی ہیں، جن کی سہولیات ملک کے مختلف شہروں میں دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید اور مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے سے فری لانسنگ کے شعبے میں مزید ترقی ہوگی، برآمدات میں اضافہ اور قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں بہتری آئے گی، جبکہ قومی معاشی اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی

Comments (0)
Add Comment