پاکستان استحکام سے سرمایہ کاری اور وسیع تر سرمایہ تشکیل کی جانب گامزن ہے: اورنگزیب

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان معاشی استحکام سے سرمایہ کاری اور وسیع تر سرمایہ تشکیل کی جانب بڑھ رہا ہے، مالیاتی و بیرونی شعبے کے استحکام، مہنگائی، قرضوں کے انتظام اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، جبکہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مالی وسائل تک رسائی کو وسعت دی جا رہی ہے۔انہوں نے یہ بات لندن میں جے پی مورگن کی ابھرتی اور سرحدی منڈیوں کے مواقع سے متعلق کانفرنس کے موقع پر منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کو درپیش بیرونی معاشی دباؤ، کلی معیشت کے استحکام اور مستقبل کی معاشی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو کی اور معاشی استحکام کے حصول میں پاکستان کی پیش رفت، سرمایہ کاری، سرمایہ تشکیل، برآمدات اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کے لیے حکومت کی ترجیحات سے آگاہ کیا۔کانفرنس میں پاکستان کے حوالے سے معروف عالمی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں اور بڑے سرمایہ کاری منتظمین کی جانب سے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔ مجموعی طور پر 55 عالمی سرمایہ کاری فنڈز نے پاکستانی وفد کے ساتھ متعدد بالمشافہ ملاقاتوں اور ایک مکمل سرمایہ کار نشست میں شرکت کی۔ ملاقاتوں میں پاکستان کی مستقبل کی معاشی سمت، سرمایہ کاری کے مواقع اور جاری معاشی تبدیلی کے پائیدار ہونے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے حکومت کی معاشی سمت واضح کرتے ہوئے معاشی استحکام کو پائیدار بنانا، مالیاتی و بیرونی معاشی دباؤ برداشت کرنے کی صلاحیت مضبوط کرنا، سرمایہ کاری اور برآمدات پر مبنی پائیدار ترقی کی جانب پیش رفت، ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنا، امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقلی اور عوام و مختلف طبقات کے لیے مالی وسائل تک رسائی میں توسیع کو اہم ترجیحات قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں کے دوران پاکستان کی بنیادی ترجیح معاشی استحکام کی بحالی اور معاشی ساکھ کی تعمیر نو رہی ہے۔ مالیاتی استحکام، بیرونی شعبے، مہنگائی، قرضوں کے انتظام اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ مالی سال 2026 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد تک بحال ہوئی، جبکہ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 2.6 فیصد تک کم ہوا اور ملک نے مسلسل تیسرے سال بنیادی مالیاتی فاضل بھی ریکارڈ کیا۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ اب مقصد معاشی استحکام کو پائیدار بناتے ہوئے ترقی کے ایسے ماڈل کی بنیاد رکھنا ہے جو قلیل مدتی کھپت کے بجائے سرمایہ کاری، پیداواری صلاحیت، برآمدات اور نجی شعبے کی سرگرمیوں سے تقویت حاصل کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے فعال قرض انتظام کے ذریعے ملکی قرضوں کی مدت میں اضافہ اور دوبارہ مالی اعانت کے خطرات میں کمی کی ہے۔ پاکستان نے مختلف مالیاتی ذرائع اور سرمایہ کاروں کے طبقات کے ذریعے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کی ہے۔ پہلے پانڈا بانڈ اور اس کے بعد 3 ارب امریکی ڈالر کے دو حصوں پر مشتمل یورو بانڈ کے اجرا میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور طلب سامنے آئی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا مقصد محض مالی وسائل حاصل کرنا نہیں بلکہ عالمی منڈیوں تک مستقل رسائی برقرار رکھنا، سرمایہ کاروں کا دائرہ وسیع کرنا، قرضوں کی مدت بڑھانا اور بتدریج بہتر شرائط پر مالی اعانت حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایکویٹی اور کارپوریٹ قرض منڈیوں کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاروں کی شرکت بڑھانے، ابتدائی عوامی پیشکشوں کی سرگرمیوں میں اضافہ اور مارکیٹ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ اسلامی مالیات اور صکوک منڈیوں کی ترقی بھی طویل مدتی سرمایہ کاری کے ذرائع کو مزید وسعت دے سکتی ہے۔ وفاقی وزیر نے نجی سرمائے کے لیے زیادہ گنجائش پیدا کرنے اور تجارتی سرگرمیوں میں ریاست کے کردار کو محدود کرنے کے لیے جاری اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کو ریاست کے کردار کی وسیع تر تنظیم نو کے حصے کے طور پر آگے بڑھایا جا رہا ہے، جس میں پی آئی اے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، مالیاتی اداروں، دیگر سرکاری اداروں اور ہوائی اڈوں کے شعبوں میں پیش رفت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی نجی ایکویٹی فریم ورک بھی تشکیل دے رہی ہے، جس کا مقصد ادارہ جاتی سرمائے کو کاروباری اداروں اور منصوبوں کی جانب راغب کرنا اور نجی ایکویٹی و خطرہ سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو مضبوط بنانا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار، زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں مالی وسائل تک رسائی بھی بڑھائی جا رہی ہے تاکہ کلی معیشت کے استحکام کو زیادہ سے زیادہ قرضوں، سرمایہ کاری اور پیداواری سرگرمیوں میں تبدیل کیا جا سکے۔ پاکستان کی ترقی کے اگلے مرحلے کی مالی ضروریات صرف سرکاری مالی وسائل سے پوری نہیں کی جا سکتیں، اس لیے مستقبل میں نجی سرمائے کو زیادہ بڑا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کی بڑی داخلی منڈی، نوجوان افرادی قوت اور تزویراتی جغرافیائی محل وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سرمایہ کاری کی کشش اصلاحات اور بڑے پیمانے پر موجود معاشی مواقع کے امتزاج پر مبنی ہے۔ ٹیکس انتظامیہ، محصولات کے نظام، توانائی، سرکاری اداروں اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کا مقصد پیداواری صلاحیت بڑھانا اور معیشت کو برآمدات، ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، معدنیات، زراعت اور قدر افزا خدمات کی جانب منتقل کرنا ہے۔ بیرونی معاشی روابط کے حوالے سے سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان روایتی طور پر امداد پر انحصار سے آگے بڑھتے ہوئے تجارت اور سرمایہ کاری کے مضبوط روابط کی جانب پیش رفت کر رہا ہے۔ اشیا اور خدمات کی تجارت کو مزید فروغ دینے اور باہمی مفاد پر مبنی معاشی تعلقات کے ذریعے طویل مدتی سرمایہ کاری راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز، بالخصوص بلاک چین اور ویب 3.0 سے فائدہ اٹھانے کے لیے خود کو تیار کرنا ہوگا۔ نوجوان افرادی قوت اور تیزی سے پھیلتا ہوا ڈیجیٹل نظام عالمی معیشت کے نئے شعبوں میں مؤثر شرکت اور سرمایہ کاری و ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پاکستان کی بیرونی پوزیشن میں بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے، ترسیلات زر کے بڑھتے ہوئے رجحان اور بیرونی شعبے کے بنیادی اشاریوں میں بہتری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے آنے والی رقوم کے بڑھتے ہوئے کردار، بیرونی شعبے میں اصلاحات اور مالیاتی شعبے کے بنیادی ڈھانچے میں مضبوطی کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے گزشتہ برسوں میں کیے گئے اقدامات سے کلی معاشی استحکام بہتر ہوا اور پائیدار ترقی و سرمایہ کاری کے لیے بنیاد مزید مضبوط ہوئی

Comments (0)
Add Comment