اسلام آباد (پی پی اے) پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے جبکہ 60 ہزار حج نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج سکیم 2027 کے تحت بکنگ نشستوں کی دستیابی تک یا 20 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ حج پورٹل پر 25 منظم حج کمپنیوں کی جانب سے اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم حج پیکیجز دستیاب ہیں، جن میں عازمین اپنی ضروریات اور ترجیحات کے مطابق پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 25 منظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں، جن میں سے 4 ارب روپے سے زائد آن لائن طریقہ کار کے ذریعے جمع کرائے گئے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق حج پورٹل کے ذریعے بکنگ اور ادائیگی کے نظام کا مقصد عازمین کو سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مالی معاملات میں شفافیت یقینی بنانا ہے۔ وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کریں اور کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم جمع نہ کرائیں تاکہ دھوکہ دہی، فراڈ اور مالی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔ ترجمان نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ حج بکنگ اور ادائیگی کے معاملات میں غیر مصدقہ ذرائع سے گریز کرتے ہوئے صرف مجاز سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کارروائی مکمل کریں