پنڈی بھٹیاں فیصل آباد موٹروے چھ لین منصوبہ 15 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) سینٹرل ریجن کے موٹرویز اور ہائی ویز کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد موٹروے ایم فور کو چار سے چھ لین کرنے کا منصوبہ ہر صورت 15 دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات کی زیر صدارت این ایچ اے کے اجلاس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں عبدالعلیم خان نے بتایا کہ لودھراں ملتان ایکسپریس وے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے جبکہ جی ٹی روڈ این فائیو پر لالہ موسیٰ بائی پاس کے ابتدائی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج پر بابا فرید پل کی بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا جبکہ جنوبی پنجاب میں لیہ اور تونسہ پلوں کو قومی شاہراہوں سے منسلک کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے این فائیو پھول نگر انٹرچینج کی معیاری تعمیر یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مری اسلام آباد ایکسپریس وے کو ماڈل بنا کر تمام نئی شاہراہوں پر جدید روشنیوں، معیاری آرام گاہوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے محفوظ گزرگاہوں کی تعمیر یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری فنڈز کے ایک ایک پیسے کا حساب رکھا جائے گا اور کسی قسم کا ضیاع برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کی ذمہ داری متعلقہ ڈی آئی جی موٹرویز پر ہوگی۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین این ایچ اے کو تفویض کردہ تمام کاموں پر جلد تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔

Comments (0)
Add Comment