کوہاٹ (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ پرانی پولیس لائنز کے قریب بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی گئی، تاہم دھماکے کی حتمی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں اب تک تقریباً 25 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کے بعد مسلح دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری ہے جبکہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے۔ آئی جی خیبرپختونخوا نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بروقت اور بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف آہنی دیوار بن کر کھڑی ہے، بزدلانہ حملے پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا عبرتناک انجام ہوگا