اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت جلد نئی آٹو پالیسی متعارف کرائے گی، جس میں آٹو پارٹس تیار کرنے والوں سمیت تمام متعلقہ شعبوں کے لیے مراعات شامل ہوں گی۔ وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وہ لاہور ایکسپو سینٹر میں جاری 21ویں پاکستان انٹرنیشنل آٹو شو 2026ء کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت حکومت آٹو پارٹس کی برآمدات بڑھانے اور مقامی صنعت کو عالمی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ تین روزہ نمائش میں ملکی و غیر ملکی صنعت کار، کاروباری شخصیات اور مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔ سمیڈا، پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹوموٹیو پارٹس اینڈ ایکسسریز مینوفیکچررز کے اشتراک سے نمائش میں بطور حکمت عملی شراکت دار شریک ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان کی گاڑیوں کی صنعت میں ترقی اور برآمدات کے وسیع امکانات موجود ہیں جبکہ آٹو شو مقامی پیداوار، جدت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے سمیڈا کو ہدایت کی کہ وہ پی اے اے پی اے ایم اور شعبے سے وابستہ چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کو بھرپور معاونت فراہم کرے تاکہ وہ ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ سمیڈا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ گاڑیوں کا شعبہ چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کی قیادت میں صنعتی ترقی کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔ سمیڈا، پاپام کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ان اداروں کو جدید ٹیکنالوجی، کاروباری شراکت داری اور ملکی و عالمی منڈیوں تک رسائی کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ پی اے پی ایس 2026ء کے کنوینر سلمان سلیم نے سمیڈا کی شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے چھوٹے و درمیانے کاروباری اداروں کی شرکت اور ”میک اِن پاکستان“ کے تحت مقامی پیداوار کے فروغ کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 19 ستمبر کو سمپوزیم بھی منعقد ہوگا، جس میں شعبے کے مستقبل کے لیے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا