غیر ملکی سرمایہ کاری کے منافع کی بیرون ملک منتقلی میں 13.37 فیصد کمی

اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ کے دوران 13.37 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2026-27 کے جولائی اور اگست 2026 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی 557.6 ملین ڈالر رہی، جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 643.7 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کیے گئے تھے۔ اس طرح رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں گزشتہ سال کی نسبت 86.1 ملین ڈالر یعنی 13 فیصد سے زائد کمی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں مجموعی طور پر 3.87 فیصد اضافہ ہوا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے 2.3 ارب ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک منتقل کیے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال جولائی اور اگست کے دوران سب سے زیادہ 161.2 ملین ڈالر کے منافع جات چین منتقل کیے گئے، تاہم یہ رقم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں منتقل کیے گئے 205.6 ملین ڈالر کے مقابلے میں کم ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے ابتدائی دو ماہ میں ہالینڈ کو 107 ملین ڈالر جبکہ برطانیہ کو 103 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کیے گئے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ہالینڈ اور امریکا کو بالترتیب 86.7 ملین ڈالر اور 147.5 ملین ڈالر کے منافع جات منتقل کیے گئے تھے

Comments (0)
Add Comment