ملتان میں ٹریفک نظام کی بہتری، سگنلز کی بحالی اور سلپ روڈز کی تعمیر کا فیصلہ

ملتان (پی پی اے) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت اجلاس میں شہر میں ٹریفک سگنلز کی بحالی، نئے سگنلز کی تنصیب اور ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سی پی او صادق ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم، ڈی جی ایم ڈی اے راشد ارشاد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ افسران نے شہر کے مختلف چوکوں پر ٹریفک سگنلز کی صورتحال، ٹریفک دباؤ اور روانی بہتر بنانے کے لیے مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی۔جلاس میں چوک نمبر 9، ناردرن بائی پاس اور عیدگاہ چوک کے ٹریفک سگنلز فعال ہونے کا جائزہ لیا گیا جبکہ نواں شہر چوک کے سگنلز کی بحالی کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ چوک نمبر 1 اور رضا آباد چوک پر ٹریفک روانی بہتر بنانے کے لیے سلپ روڈز کی تعمیر اور اراضی کے حصول کی تجاویز زیر غور آئیں۔ ایس پی چوک کی ازسرنو انجینئرنگ کے لیے روشن ٹریفک سگنلز، مرکزی ڈیوائیڈر اور اپروچ روڈز کی بہتری جبکہ قذافی چوک اور لاری اڈا چوک پر ٹریفک دباؤ کم کرنے کے لیے متبادل ٹریفک انجینئرنگ حل تجویز کیے گئے۔ اجلاس میں طارق روڈ، ایم پی ایس چوک اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے مشترکہ سروے اور قابل عمل منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، میونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے، ہائی وے اور ایم ڈی اے کو باہمی مشاورت سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ کم سے کم اخراجات میں ٹریفک مسائل کا قابل عمل حل تلاش کیا جائے۔ انہوں نے ٹریفک سگنلز کی بحالی کے ساتھ سڑکوں کی بہتری اور تجاوزات کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے اور سڑکوں کی مرمت کے اقدامات بھی ٹریفک منصوبے کا حصہ ہوں گے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کی بہتر روانی اور آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے.

Comments (0)
Add Comment