اسلام آباد( پی پی اے) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات محض 75 سالہ سفارتی سفر نہیں بلکہ باہمی اعتماد، احترام، تعاون اور آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دینے کی شاندار داستان ہیں۔ 21 مئی 1951 کو قائم ہونے والے پاک چین سفارتی تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط، مستحکم اور ہمہ جہت شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں سینیٹ سیکریٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ڈپلومیٹک فوکس کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات عشروں کے دوران عالمی اور علاقائی حالات میں نمایاں تبدیلیاں آئیں، تاہم پاک چین تعلقات میں تسلسل اور استحکام برقرار رہا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کی خودمختاری، قومی مفادات اور ترقی کے حق کا احترام کیا اور مشکل اوقات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔ تقریب میں چین کے سفیر، سفارت کاروں، ارکان پارلیمان، دانشوروں، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سیدال خان ناصر نے ڈپلومیٹک فوکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں فضل الٰہی کا تقریب کے انعقاد اور دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات اب صرف حکومتوں اور ریاستی اداروں تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، اعتماد اور خیرسگالی نے اس رشتے کو مزید مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، زراعت، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاک چین شراکت داری کا اہم مظہر ہے، جس نے رابطہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور صنعتی تعاون کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ مستقبل میں صنعت، زراعت، جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاک چین تعلقات میں پارلیمانی اور عوامی سفارت کاری کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانیں صرف قانون سازی کے ادارے نہیں بلکہ عوام کے جذبات، خواہشات اور امنگوں کی نمائندہ ہوتی ہیں۔ دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلے اور باہمی روابط دوطرفہ تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ سفارت کاری صرف سرکاری ملاقاتوں اور سفارتی اداروں تک محدود نہیں، بلکہ ذرائع ابلاغ، دانشور، کاروباری برادری، جامعات اور معاشرے کے مختلف طبقات بھی اقوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ڈپلومیٹک فوکس جیسے پلیٹ فارمز کو پاک چین عوامی روابط اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے چینی قیادت اور عوام کو پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاریخی موقع گزشتہ 75 برسوں کی کامیابیوں کو یاد کرنے کے ساتھ مستقبل کے لیے نئے عزم کا بھی تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں ممالک کی شراکت داری امن، ترقی، خوشحالی اور علاقائی استحکام کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاک چین دیرینہ دوستی اور سفارتی تعلقات کو اجاگر کرنے کے لیے بامقصد فورم کے انعقاد پر ڈپلومیٹک فوکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوامی سطح پر دونوں ممالک کے درمیان دوستی، محبت اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ دینے میں معاون ثابت ہوتے ہیں