اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے پنجگور اور چاغی میں کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف سکیورٹی فورسز کا عزم اور حوصلہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ بلوچستان میں امن و استحکام کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں