پٹرول پر رعایت، موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگ چی صارفین کے لیے اہم فیصلہ

اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی فیول ریلیف سکیم کے تحت ملک بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پٹرول کی فراہمی جاری ہے۔ سکیم سے متعلق موصول ہونے والی آراء کی روشنی میں وزیراعظم نے پانچ لیٹر سے کم پٹرول لینے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کے لیے بھی رعایت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر پانچ لیٹر سے کم پٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کو ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ ہر ہفتے ایک ٹوکن جاری ہوگا جبکہ ایک ماہ میں مجموعی طور پر چار ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔ 800 سی سی تک کی گاڑی استعمال کرنے والے افراد پہلے کی طرح ہر 10 روز میں 10 لیٹر پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت حاصل کریں گے۔ اس طرح ایک ماہ میں 10 لیٹر پٹرول کے تین ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ وزیراعظم نے اس سے قبل سکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن کا پیغام بھی مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ان کی ہدایت پر 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی وزیراعظم فیول ریلیف سکیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یکم جنوری 2006ء کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹرسائیکلیں، رکشے اور چنگ چی رکشے سکیم میں رجسٹریشن کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف ریلیف سکیم کے تمام پہلوؤں کی خود نگرانی کر رہے ہیں اور انہوں نے سکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع کرنے کے ساتھ پٹرول پر رعایت کی باعزت، آسان اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے

Comments (0)
Add Comment