کشمیر پوائنٹ کی خوبصورتی اور سیاحتی سہولیات میں بہتری اولین ترجیح ہے، ڈپٹی کمشنر مری

مری (پی پی اے) ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ کشمیر پوائنٹ کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار اور شفاف انداز میں مکمل کیے جائیں، تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر مری نے مری کے معروف سیاحتی مقام کشمیر پوائنٹ کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کشمیر پوائنٹ پر جاری تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں اور منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ آغا ظہیر عباس شیرازی نے ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے انتظامات مزید مؤثر بنانے، سیاحتی مقامات کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور سیاحوں کو صاف ستھرا، پُرسکون اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مری ایک اہم سیاحتی مرکز ہے اور یہاں آنے والے سیاحوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ ٹریفک کے بہتر انتظام، سکیورٹی اور دیگر شہری سہولیات میں بہتری کے لیے متعلقہ ادارے مربوط اقدامات یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مری کے سیاحتی مقامات کی خوبصورتی، صفائی، ترقی اور بہترین انتظامی سہولیات کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے

Comments (0)
Add Comment