اسلام آباد۔21ستمبر (پی پی اے): اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے مسائل کے فوری حل اور مؤثر دادرسی کے لیے اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اور زونل ایس پیز نے اپنے دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی صدر زون کاظم نقوی، ایس پی سٹی زون محمد خرم اشرف اور ایس پی سواں زون حسنین وارث نے بھی شہریوں کی شکایات سننے کے لیے کھلی کچہریاں منعقد کیں۔ اس دوران شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں، جنہیں متعلقہ افسران نے غور سے سنا۔ایس ایس پی آپریشنز اور زونل ایس پیز نے شہریوں کی جانب سے پیش کی جانے والی درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر قانون کے مطابق کارروائی کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ اس موقع پر افسران نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور تمام درخواستوں پر میرٹ کے مطابق فیصلے کیے جائیں گے۔ شہریوں کی جان، مال اور عزت نفس کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے