شہری سہولیات اور پولیس سروسز کی بہتری، آئی جی اسلام آباد کی افسران کو اہم ہدایات

اسلام آباد (پی پی اے) آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ شہریوں کو بروقت، شفاف اور مؤثر پولیس خدمات کی فراہمی، ٹریفک نظام میں مزید بہتری اور عوامی سہولیات کے منصوبوں کی تکمیل اسلام آباد پولیس کی اہم ترجیحات ہیں، شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول میں غیر ضروری دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ساتھ منعقدہ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی، پیشہ ورانہ و انتظامی امور اور شہریوں کو مؤثر و بروقت پولیس خدمات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے جاری اور زیر تکمیل مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جبکہ پولیس خدمات کو مزید آسان، مؤثر اور شہری دوست بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے، پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور خدمات کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ شہریوں کو پولیس خدمات کے حصول میں کسی قسم کی غیر ضروری تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جدید تقاضوں کے مطابق پولیس خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل مؤثر انداز میں بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے ٹریفک نظام کو مزید منظم اور مؤثر بنانے، شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو آمدورفت کے دوران درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور سڑکوں پر محفوظ سفر سے متعلق آگاہی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ آئی جی نے کہا کہ شہریوں کی شکایات اور درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے اور متعلقہ افسران بروقت ریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں۔ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، شائستگی اور پیشہ ورانہ رویہ اختیار کیا جائے جبکہ پولیس خدمات میں غیر ضروری تاخیر اور غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، معیاری پولیس خدمات کی فراہمی اور قانون کی بالادستی اسلام آباد پولیس کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں مکمل عزم، دیانت داری اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں اور شہریوں کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھیں۔ آئی جی اسلام آباد نے انتظامی امور میں بہتری لانے، پولیس افسران و اہلکاروں کو درپیش مسائل کے حل اور محکمانہ امور کی بروقت تکمیل پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی تاکہ اسلام آباد پولیس کی مجموعی کارکردگی اور خدمات کی فراہمی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے

Comments (0)
Add Comment