اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وطن عزیز کے بہادر سپوت شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد اور بھائی سے ملاقات کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے شہید کے والد کے بلند حوصلے اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔ اس موقع پر شہید کیپٹن حمزہ اکرم کے والد نے کہا کہ ان کا بیٹا حمزہ پاکستان پر قربان ہوا اور ان کا دوسرا بیٹا بھی پاکستان کے لیے حاضر ہے۔ شہید حمزہ نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان نہیں تو کچھ نہیںوفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عظیم والد کے حوصلے پر پوری قوم کو ناز ہے۔ شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی غیر معمولی جرات اور بلند جذبہ قوم کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے سات خوارجیوں کو جہنم واصل کرکے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید کیپٹن حمزہ اکرم سمیت ہر شہید کے خون کا ایک ایک قطرہ وطن کے تحفظ کی ضمانت ہے۔ قوم شہید کیپٹن حمزہ اکرم اور ان کے خاندان کی قربانیوں کا قرض ادا نہیں کرسکتی۔ شہید کیپٹن حمزہ ہمارے دلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ واضح رہے کہ کیپٹن حمزہ اکرم نے ہنگو میں خوارجیوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا