اسلام آباد (پی پی اے) صدر مملکت آصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری، بین الاقوامی قانون کا احترام اور تنازعات کے پرامن ذرائع سے منصفانہ و پائیدار حل کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن مذاکرات، سفارت کاری، انصاف اور بین الاقوامی قانون و اقوام متحدہ کے چارٹر کے مکمل احترام سے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسلسل اور مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال عالمی یومِ امن کا موضوع ’’امن میں سرمایہ کاری: ہر ایک کے لیے، ہر جگہ، ہر دن‘‘ ہے، جو امن کے لیے ہر سطح پر مستقل اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن و سلامتی اور اقوام متحدہ کے مرکزی کردار پر مبنی مضبوط، مؤثر اور جامع کثیرالجہتی نظام کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔ پاکستان تنازعات کے پرامن تصفیے، مذاکرات، سفارت کاری اور اجتماعی اقدامات کے ذریعے تنازعات کی روک تھام اور حل کے جامع طریقہ کار کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے پاکستانی امن دستے دنیا بھر میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دے رہے ہیں اور شہریوں کے تحفظ، تنازعات سے متاثرہ کمیونٹیز کی مدد اور پائیدار امن کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔ صدر نے عالمی امن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستانی امن دستوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے حل کی راہ ہموار کی، جبکہ برگن اسٹاک، سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات نے اس عمل کو آگے بڑھایا۔ پاکستان خطے اور دنیا میں پائیدار امن کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد 2788 کا متفقہ طور پر منظور ہونا تنازعات کے پرامن حل کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کے لیے سلامتی کونسل کے عزم کا اہم اعادہ تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے واضح کیا کہ جہاں عوام کے حقِ خودارادیت سے انکار اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہو، وہاں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے اس تناظر میں بھارتی غیرقانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا حوالہ دیا۔ صدر مملکت نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری، بین الاقوامی قانون کے احترام اور تنازعات کے پرامن ذرائع سے منصفانہ و پائیدار حل کو فروغ دے۔ انہوں نے مغربی ایشیا اور دیگر علاقوں میں کشیدگی میں کمی کے لیے مسلسل عالمی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت سے زیادہ پرامن اور خوشحال دنیا کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے