وفاقی وزیر اطلاعات کی کوہاٹ واقعہ کے شہید پولیس اہلکار فہیم اللہ کے گھر آمد

کوہاٹ ( پی پی اے) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پیر کو کوہاٹ واقعہ میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار فہیم اللہ کے گھر جا کر ان کے والد اکرام اللہ سے ملاقات کی اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم فہیم اللہ جیسے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے ملک کے امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداء کے اہل خانہ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہید فہیم اللہ کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ واضح رہے کہ شہید فہیم اللہ تین بہنوں کے اکلوتے بھائی تھے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما صادق رضا بھی وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ موجود تھے

Comments (0)
Add Comment