یورپی یونین کی پاکستان کو 6 کروڑ 50 لاکھ یورو کی مالی معاونت تین معاہدوں کے تحت توانائی، سرمایہ کاری، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول بہتر بنایا جائے گا

اسلام آباد(پی پی اے) حکومت پاکستان اور یورپی یونین نے مجموعی طور پر 6 کروڑ 50 لاکھ یورو، تقریباً 20 ارب 64 کروڑ روپے، کی مالی معاونت کے تین معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری، توانائی، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے مختلف پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق معاہدوں پر پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس اور سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے دستخط کیے۔ یورپی یونین کے کثیر سالہ اشاریاتی پروگرام 2021ء تا 2027ء کے تحت ہونے والے اس تعاون میں پاکستان کی ترقی کے تین اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ’’پاکستان کے لیے گلوبل گیٹ وے ترقیاتی سہولت‘‘ کے تحت سرمایہ کاری کے انتظام اور مالیاتی ماحول کو بہتر بنانے، ٹیکس نظام میں اصلاحات اور حکومت کی طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو۔’’خیبرپختونخوا میں توانائی اور قدرتی ماحول کی پائیداری‘‘ پروگرام کے تحت قومی بجلی کے گرڈ سے منسلک نہ ہونے والی دیہی آبادیوں میں قابل تجدید توانائی کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور صوبے کے توانائی شعبے میں نجی شعبے کیع شرکت بڑھانے کے لیے تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔ ’’پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کے لیے یورپی یونین کی معاونت‘‘ پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی پولیس، استغاثہ، عدالتوں اور قانونی معاونت تک رسائی بہتر بنانے میں مدد دی جائے گی۔ پنجاب اور سندھ میں قانونی مقدمات کے تصفیے کے لیے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے طریقہ کار کے وسیع تر استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے یورپی یونین کی مسلسل معاونت اور شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے، خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں بجلی کی رسائی بہتر بنانے، قانون کی حکمرانی کو مؤثر بنانے اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو ترقی دینے کے قومی اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔ یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ معاہدے یورپی یونین کے ’’گلوبل گیٹ وے‘‘ اقدام کے تحت پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے اہداف میں معاونت کے عزم کا عملی اظہار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگراموں سے خیبرپختونخوا میں توانائی کے شعبے کو زیادہ مضبوط اور پائیدار بنانے کے ساتھ قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کو فروغ ملے گا انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی سے متعلق پروگرام خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے میں معاون ہوگا، جبکہ پنجاب اور سندھ میں عدلیہ، قانونی ماہرین، جامعات اور کاروباری برادری کے اشتراک سے متبادل اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بھی معاونت فراہم کی جائے گی.

Comments (0)
Add Comment