آئی جی اسلام آباد کی بہترین کارکردگی پر پولیس افسران کی حوصلہ افزائی محمد سہیل چوہدری نے افسران کو تعریفی اسناد دے کر پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا

اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو سنٹرل پولیس آفس مدعو کرکے ان کی پیشہ ورانہ خدمات، فرض شناسی اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعریفی اسناد سے نوازا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ محنت، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دینے والے افسران محکمہ پولیس کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ بہترین کارکردگی کا اعتراف افسران کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ دیگر افسران کو بھی مزید محنت اور بہتر کارکردگی کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اسلام آباد پولیس کا اولین فرض ہے، جبکہ شہریوں کو بروقت، مؤثر اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانا بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے افسران و اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل لگن، دیانت داری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں اور شہریوں سے خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر سطح پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ پولیس خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا اور شہریوں کی توقعات پر پورا اترنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے، محنت اور پیشہ ورانہ عزم کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے

Comments (0)
Add Comment