راولپنڈی (پی پی اے) آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج پوری قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی کارروائیوں، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی عملی تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور عملی تیاری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام یقینی بنانے کے عزم پر ثابت قدم ہیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگار شہدا پر پھولوںو کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا