اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے نوجوانوں کی ذہانت، صلاحیتوں اور عملی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کو درپیش قومی چیلنجز کے قابلِ عمل حل تلاش کرنے کے لیے یوتھ آئیڈییشن لیب کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یوتھ آئیڈییشن لیب کا مقصد نوجوانوں کو محض شکایت کرنے والوں کے بجائے مسائل کی نشاندہی اور ان کے عملی حل تجویز کرنے والے فعال کردار میں تبدیل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف شکایت کرنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، نوجوانوں کو مسائل کا حصہ بننے کے بجائے ان کے حل کا حصہ بننا ہوگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی بنیادی ذمہ داری ملک کے مستقبل کی منصوبہ بندی اور ترقیاتی پروگراموں کی تیاری ہے، تاہم ان پروگراموں کی مؤثریت کا انحصار اس نسل کی شمولیت اور ملکیت پر ہے جو ان فیصلوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حقیقی شراکت دار نوجوان ہیں کیونکہ ملک کا مستقبل انہی سے وابستہ ہے، اس لیے انہیں ترقیاتی بیانیے اور منصوبہ بندی کے عمل میں شامل کرنا ضروری ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یوتھ آئیڈییشن لیب نوجوانوں کی ذہانت اور صلاحیتوں کو یکجا کرکے پاکستان کے پیچیدہ مسائل کے عملی حل کے لیے قابلِ عمل خیالات پیدا کرنے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔ شرکا کو محض لیکچرز سننے کے لیے نہیں بلکہ ملک کو درپیش مسائل پر اپنی آرا پیش کرنے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صرف پریزنٹیشنز نہیں بلکہ قابلِ عمل خیالات اور حل درکار ہیں۔ عملی دانش اور مسائل کے براہ راست تجربات رکھنے والے عام افراد بھی مؤثر تجاویز پیش کر سکتے ہیں۔ روزمرہ زندگی میں مختلف مسائل کا سامنا کرنے والے نوجوان اکثر ان کے عملی حل کی بہتر نشاندہی کر سکتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو ترقیاتی امور کے مباحثے میں شامل کرنے کے لیے پہلے ہی مختلف پروگرام شروع کر چکی ہے، جن میں ینگ ڈویلپمنٹ فیلوز پروگرام اور جامعات میں ینگ پیس اینڈ ڈویلپمنٹ کورس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی مباحثے کو ماضی کی بحثوں تک محدود رکھنے کے بجائے ان امور پر مرکوز ہونا چاہیے جو ملک کے مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔ آج ہر قوم کے لیے تعلیم ایک بڑا چیلنج ہے، جبکہ مصنوعی ذہانت کے انقلاب کے تناظر میں مستقبل کے تعلیمی نظام کا جائزہ لینے، جدت طرازی کو فروغ دینے اور معیشت کو ابھرتے ہوئے چیلنجز سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ایسے مباحثوں اور تنازعات سے دور رہیں جن کا ملک کے مستقبل سے کوئی تعلق نہیں اور تعمیری مکالمے میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ملک کا مستقبل تعمیر کرنا ہے اور اس کے لیے انہیں تعمیری بحث اور مکالمے کا حصہ بننا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی انفرادی خواہشات کو اجتماعی ذمہ داری کے ساتھ جوڑیں اور ایسے حل پیش کرنے میں کردار ادا کریں جو ملک کی اجتماعی فلاح و بہبود اور ترقی کو فروغ دے سکیں