نوشکی میں پولیو ٹیم پر فائرنگ، دو پولیس اہلکار شہید، محسن نقوی کی مذمت

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع نوشکی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔فائرنگ کے نتیجے میں پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر مامور کانسٹیبل محمد یاسر اور کانسٹیبل عبدالروف جام شہادت نوش کر گئے۔ وزیر داخلہ نے شہدا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ کانسٹیبل محمد یاسر اور کانسٹیبل عبدالروف نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا، قوم ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معصوم بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے والے پولیو ورکرز پر حملہ انتہائی گھناؤنا اور ناقابلِ معافی جرم ہے۔ پولیو ٹیموں اور ان کے محافظوں پر حملہ کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا

Comments (0)
Add Comment