فیصل آباد ( پی پی اے) محکمہ زراعت نے پیداواری منصوبہ ٹماٹر 2026-27 کے تحت کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کے لیے نئی ہدایات جاری کرتے ہوئے نومبر میں ٹماٹر کی کاشت کو ترجیح دینے کا مشورہ دیا ہے محکمہ زراعت کے مطابق فروری میں کاشت کی جانے والی فصل جون تک تیار ہوجاتی ہے تاہم اس دوران درجہ حرارت بڑھنے کے باعث پیداوار کم ہونے اور نقصان کا خدشہ رہتا ہے. پرنسپل سائنٹسٹ سبزیات آری ڈاکٹر سجاد سعید نے بتایا کہ صوبہ پنجاب کے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں ٹماٹر مختلف اوقات میں کاشت کیا جاسکتا ہے۔ عام اقسام میں نادر اور نقیب نمایاں ہیں جو ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد نے تیار کی ہیں اور بیماریوں کے خلاف اچھی مزاحمت رکھتی ہیں۔ ہائبرڈ اقسام میں سہار ایف-1، سٹینل ایف-1، سوہیل ایف-1 اور شرف ایف- جبکہ نجی شعبے کی نیاب ٹماٹر ہائبرڈ نمبر 21 خزاں کی فصل کے لیے موزوں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ایکڑ کی نرسری کے لیے 70 سے 80 گرام بیج بہترین نتائج دیتا ہے جبکہ 50 گرام بیج بھی قابل قبول نتائج دے سکتا ہے۔ زمین کی تیاری کے لیے ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانا ضروری ہے جبکہ پنیری کی منتقلی سے دو ماہ قبل 8 سے 10 ٹن فی ایکڑ گوبر کی کھاد زمین میں شامل کرکے اسے اچھی طرح ہموار کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر سجاد سعید نے کہا کہ کھیت کو ایک کنال کے کیاروں میں تقسیم کرکے ٹماٹر کی قسم کو مدنظر رکھتے ہوئے 4 سے 5 فٹ چوڑی پٹریاں بنائی جائیں اور پودوں کے درمیان ڈیڑھ فٹ فاصلہ رکھا جائے۔ اگر پٹری کے دونوں اطراف فصل کاشت کرنا مقصود ہو تو پٹری کی چوڑائی 6 فٹ رکھی جائے