اسلام آباد ( پی پی اے) وزیراعظم کے کفایت شعاری اقدامات کے تحت وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں مالی نظم و ضبط قائم کرنے اور غیر ضروری اخراجات میں فوری کمی کے لیے اہم احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کا مقصد دستیاب سرکاری وسائل کا مؤثر اور منصفانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے میں 31 دسمبر 2026 تک ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس قرضوں کے اجرا کو مکمل طور پر معطل کر دیا ہے۔ اس مدت کے دوران کسی بھی افسر یا ملازم کو ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے اپنے ذاتی سرکاری فیول سمیت محکمے کے تمام افسران کے فیول کوٹے میں 50 فیصد کمی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ اپنے سمیت ریلوے کے تمام افسران اور ملازمین کے غیر ضروری سرکاری غیر ملکی دوروں پر فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کا فوری اور سخت اطلاق شروع کر دیا گیا ہے تاکہ قومی وسائل کی بچت ممکن بنائی جا سکے اور تمام سطحوں پر غیر ضروری اخراجات کا مکمل سدباب کیا جا سکے