پاکستان پوسٹ نے تین سال میں 68 لاکھ 30 ہزار یادگاری ڈاک ٹکٹ چھاپے 2025 میں سب سے زیادہ 27 یادگاری ڈاک ٹکٹ اور 35 لاکھ ٹکٹ چھاپے گئے

اسلام آباد( پی پی اے) پاکستان پوسٹ نے 2024 سے 2026 کے دوران سات موضوعاتی زمروں پر مشتمل اپنے سالانہ یادگاری پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 68 لاکھ 30 ہزار یادگاری ڈاک ٹکٹ اور 2 لاکھ 20 ہزار سووینئر شیٹس چھاپیں۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق پاکستان پوسٹ نے تین سال کے دوران مجموعی طور پر 54 یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے، جن میں 2024 میں 13، 2025 میں 27 اور 2026 میں 14 ڈاک ٹکٹ شامل ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق 2024 میں 23 لاکھ، 2025 میں 35 لاکھ جبکہ 2026 میں 10 لاکھ 30 ہزار یادگاری ڈاک ٹکٹ چھاپے گئے، جس سے تین سال کے دوران چھاپے گئے ڈاک ٹکٹوں کی مجموعی تعداد 68 لاکھ 30 ہزار ہوگئی۔ پاکستان پوسٹ نے اس عرصے کے دوران 19 سووینئر شیٹس جاری کیں، جن میں 2024 میں چھ، 2025 میں 10 اور 2026 میں تین سووینئر شیٹس شامل ہیں۔ طباعت کے لحاظ سے 2024 میں 85 ہزار، 2025 میں ایک لاکھ 5 ہزار اور 2026 میں 30 ہزار سووینئر شیٹس چھاپی گئیں، جس سے ان کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار ہوگئی۔ یادگاری پروگرام میں سات موضوعاتی زمرے شامل تھے جن میں قومی ایام، ممتاز شخصیات، ثقافتی ورثہ، قدرتی ورثہ، بین الاقوامی تعلقات، سماجی آگاہی اور سفارتی تعلقات شامل ہیں۔ پاکستان پوسٹ کے مطابق سالانہ یادگاری پروگرام کا مقصد قومی ورثے کے محافظ کی حیثیت سے ادارے کے کردار کو مضبوط بنانا، قومی یکجہتی اور عوامی آگاہی کو فروغ دینا جبکہ بین الاقوامی ڈاک سفارت کاری کو تقویت دینا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق تین سال میں 2025 سب سے زیادہ سرگرمیوں کا سال رہا، جس دوران 27 یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیے گئے اور 35 لاکھ ٹکٹ چھاپے گئے۔ اسی سال سب سے زیادہ 10 سووینئر شیٹس جاری ہوئیں جبکہ ان کی طباعت بھی ایک لاکھ 5 ہزار رہی.

Comments (0)
Add Comment