اسلام آباد ( پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے وفد سے ملاقات کی جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق اور الائنس کے عہدیداران نے شرکت کی ملاقات میں گڈز ٹرانسپورٹ سے متعلق امور، کنٹینرز کی دستیابی اور تاجروں و ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ادویات اشیائے خورونوش اور دیگر جلد خراب ہونے والی اشیاء سے لدے کنٹینرز بلا تاخیر ان کے مالکان کے حوالے کیے جائیں تاکہ شہریوں اور کاروباری طبقے کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے استعمال کیے جانے والے کنٹینرز کے مالکان کو مناسب کرایہ بھی ادا کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش جائز مسائل کا بروقت حل اور انہیں سہولیات کی فراہمی اسلام آباد پولیس کی ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں متعلقہ افسران ضروری اقدامات یقینی بنائیں. بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے تھانہ نیلور کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی و تزئین و آرائش کے کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے تعمیراتی کام کی پیش رفت معیار اور دیگر انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ معیار اور طے شدہ مدت کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی مراحل کے دوران معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے انہوں نے شہریوں کے لیے بہتر سہولیات مناسب انتظار گاہ صفائی ستھرائی اور خوشگوار ماحول یقینی بنانے کے ساتھ پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے بھی ضروری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز کو شہریوں کے لیے مزید بہتر، محفوظ اور سہولت بخش بنایا جائے تاکہ انہیں پولیس خدمات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے.