آئی جی اسلام آباد کا مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ

اسلام آباد ( پی پی اے) انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور شہر میں امن و امان کے قیام کے لیے مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا اور وہاں تعینات پولیس افسران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ آئی جی اسلام آباد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران سے ملاقات کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں شہریوں کے تحفظ، مؤثر نگرانی اور امن و امان کے قیام کے لیے پوری ذمہ داری اور دلجمعی سے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے فیلڈ میں پولیس کی مؤثر موجودگی، مکمل چوکسی اور کسی بھی صورتحال میں بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران اور اہلکار اپنے فرائض پیشہ ورانہ ذمہ داری، نظم و ضبط اور بھرپور توجہ کے ساتھ انجام دیں تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Comments (0)
Add Comment