اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ تکمیل کے قریب، آئندہ ماہ افتتاح کا فیصلہ 15 سال سے التوا کا شکار منصوبے کے بقایا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 15 سال سے التوا کا شکار اسلام آباد ماڈل جیل منصوبہ بالآخر تکمیل کے قریب پہنچ گیا ہے اور حکومت نے آئندہ ماہ اس کا باضابطہ افتتاح کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں ماڈل جیل منصوبے پر جاری ترقیاتی کاموں، باقی ماندہ تعمیراتی و انتظامی امور اور افتتاح سے متعلق تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام بقایا کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ اگلے ماہ اس کا باقاعدہ افتتاح ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ دہائی سے تاخیر کا شکار اس اہم منصوبے کی تکمیل میں اب مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ افتتاح سے قبل تعمیراتی اور انتظامی امور سمیت تمام ضروری لوازمات ہر صورت مکمل کیے جائیں، کسی بھی سطح پر غیر ضروری سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا کہ وہ ماڈل جیل منصوبے کی تکمیل کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں اور پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر سائٹ کا دورہ بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے منصوبہ مقررہ وقت پر مکمل کر لیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے)، وفاقی پراسیکیوٹر جنرل، انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس، ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سمیت دیگر اعلیٰ سول و پولیس افسران نے شرکت کی.

Comments (0)
Add Comment