لاہور ( پی پی اے) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایکسل لوڈ پالیسی پر مؤثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس معاملے میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے مربوط پالیسی کی تشکیل کے لیے صنعتوں، ایف بی آر اور متعلقہ محکموں کو بھی مشاورت میں شامل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس ملک شہزاد اعوان، قمر الزمان، نثار جعفری، اویس چوہدری، بختاور خان اور اظہر سراج شامل تھے۔ سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹرویز اور چیئرمین این ایچ اے نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور اہم امور پر بریفنگ دی۔وفد نے موٹروے پولیس کے بہتر طرز عمل پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے افسران کو ایکسل لوڈ پالیسی پر مزید مؤثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ ضروری ہے۔انہوں نے سیکرٹری مواصلات کو 30 ستمبر کو آئندہ مشاورتی اجلاس بلانے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں موٹروے پولیس کو خلاف ورزی کی صورت میں ایف آئی آر کے اندراج کا اختیار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا وفاقی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کو وزارت مواصلات سے کوئی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سیکرٹری مواصلات پنجاب اور سندھ حکومتوں سے بھی رابطہ کریں.اس موقع پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے نمائندوں نے سیمنٹ فیکٹریوں کے حوالے سے درپیش مسائل سے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا۔ گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے حکومت سے مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات کے اقدامات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا