بحری شعبے میں عالمی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنا رہے ہیں، جنید انوار

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان بحری شعبے اور اس سے متعلق آپریشنز میں بین الاقوامی بحری قوانین اور معیارات پر عمل درآمد کر رہا ہے، تاہم ان قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے قانون سازی، نفاذ، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کی ضرورت ہے۔ ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 2026ء کا موضوع ’’پالیسی سے عمل درآمد تک: بحری شعبے میں بہترین کارکردگی کا فروغ‘‘ بحری پالیسیوں اور بین الاقوامی معیارات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحری معیارات پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ حکومتی اداروں، ریگولیٹرز، بندرگاہوں، شپنگ کمپنیوں اور دیگر شراکت داروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔ بحری شعبے میں تربیت اور تکنیکی تعاون خصوصی اہمیت رکھتے ہیں تاکہ بحری جہازوں پر خدمات انجام دینے والے افراد اور دیگر ماہرین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنایا جا سکے اور آپریشنل معیارات برقرار رکھے جا سکیں۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بحری تعلیم کے فروغ کے لیے میری ٹائم ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ قائم کیا گیا ہے جس کے لیے ایک ارب 20 کروڑ روپے کی ابتدائی رقم مختص کی گئی ہے۔ پاکستان میرین اکیڈمی کو ڈگری جاری کرنے والے ادارے کی حیثیت سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ بحری شعبے میں تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کو جدید بنانے کے لیے 12 ارب روپے کے منصوبے پر کام شروع ہو چکا ہے، جس کے تحت بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ یارڈ کو بین الاقوامی حفاظتی اور ماحولیاتی معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بحری آپریشنز میں ماحولیاتی تحفظ کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا، بالخصوص سمندری آلودگی پر قابو پانے اور ماحول دوست شپنگ کی جانب منتقلی کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔ ساحلی علاقوں میں مینگرووز کی بحالی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے سمندری آلودگی کے خاتمے کے لیے ہفتہ وار صفائی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ میری ٹائم ڈے 2026ء کا موضوع پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے بھی اہم ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے اور جدت کے ذریعے ہدف 9، موسمیاتی اقدامات کے ذریعے ہدف 13، سمندروں کے تحفظ کے ذریعے ہدف 14 اور عالمی شراکت داری کے ذریعے ہدف 17 کے حصول میں مدد مل سکتی ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ موضوع پاکستان کے لیے بندرگاہی آپریشنز، شپنگ، بحری تحفظ، بحری عملے کی تربیت اور سمندری ماحول کے تحفظ سمیت مختلف شعبوں میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے اپنے طویل مدتی وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مجوزہ ’’میری ٹائم سنچری 2047ء تا 2147ء‘‘ گہرے سمندر کی نئی بندرگاہوں کے قیام، جہاز سازی اور جہازوں کی ری سائیکلنگ کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس بحری صنعتی مراکز کے قیام، پاکستان میں جہازوں کی تیاری، ماحول دوست اور ڈیجیٹل بندرگاہوں کی ترقی اور علاقائی بحری تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کرے گا.

Comments (0)
Add Comment