ترنول میں پائیدار امن کیلئے پولیس اور عوام کے مشترکہ تعاون پر اتفاق

اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ترنول کے مشران، بزرگ شہریوں اور معززین علاقہ سے ملاقات کی، جس میں ترنول اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام، شہریوں کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران علاقہ مشران اور بزرگ شہریوں نے امن و امان سے متعلق اپنی آراء، تجاویز اور تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے علاقہ مشران سے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی مؤثر روک تھام کے لیے عوامی تعاون انتہائی اہم ہے۔ آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد سہیل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون جرائم کی روک تھام اور امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے علاقہ مشران سے مشکوک سرگرمیوں اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی میں پولیس کے ساتھ تعاون کی اپیل کی۔ اس موقع پر ترنول کے مشران، بزرگ شہریوں اور معززین علاقہ نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور امن و امان برقرار رکھنے، جرائم کی روک تھام اور علاقے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے شانہ بشانہ کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پولیس، انتظامیہ، علاقہ مشران اور شہریوں کے باہمی تعاون، مؤثر رابطے اور مشترکہ کوششوں سے ترنول اور ملحقہ علاقوں میں امن و امان کو مزید مستحکم کیا جائے گا اور جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے.

Comments (0)
Add Comment