راولپنڈی ( پی پی اے) ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی راولپنڈی رانا ساجد صفدر نے مسلم ٹاؤن، صادق آباد اور یونین کونسل 28 کا دورہ کرکے جاری صفائی آپریشن کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی ورکرز سے ملاقات کی جبکہ شہریوں سے صفائی کی صورتحال پر گفتگو کرکے ان کی تجاویز بھی سنیں۔ اس موقع پر سینئر مینیجر کمیونیکیشن ناصر محمود، مینیجر آپریشنز ڈسٹرکٹ راولپنڈی عامر یونس نائیک اور مینیجر آپریشنز سٹی حسن سرداران بھی موجود تھے۔ آپریشن مینیجرز نے جاری صفائی آپریشن جبکہ سینئر مینیجر کمیونیکیشن ناصر محمود نے آگاہی مہم کے حوالے سے ایم ڈی کو بریفنگ دی۔ ستھرا پنجاب ایجنسی کی جانب سے راولپنڈی شہر اور تحصیلوں میں سموگ کے خاتمے اور ماحول کی بہتری کے لیے سڑکوں کی واشنگ، سوئیپنگ، سکریپنگ اور خصوصی صفائی سرگرمیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ اس سلسلے میں ایس پی اے راولپنڈی کی کمیونیکیشن ٹیم نے شہریوں میں صفائی برقرار رکھنے، کوڑا نہ پھیلانے، کچرا نہ جلانے اور سموگ و ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی آگاہی مہم بھی جاری رکھی۔ رانا ساجد صفدر نے ہدایت کی کہ صفائی کے معیار میں مزید بہتری کے لیے فیلڈ آپریشنز کو مؤثر بنایا جائے اور سڑکوں کی واشنگ سمیت انسدادِ سموگ سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ستھرا پنجاب ایجنسی کی اولین ترجیح ہے