اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز اور اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے انسدادِ دہشت گردی اقدامات، افسران و اہلکاروں کی تربیت اور جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی سعود خان نے آئی جی اسلام آباد کو انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات ضلع بھر میں جاری آپریشنز حساس مقامات کی سکیورٹی اور افسران و اہلکاروں کی عملی تربیت کے حوالے سے بریفنگ دی آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی ڈی کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے اور تربیتی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کی. انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے جدید پیشہ ورانہ تربیت، اعلیٰ سطح کی تیاری اور بروقت ردعمل نہایت اہم ہے اس موقع پر انہوں نے فرائض کی انجام دہی میں جانفشانی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سی ٹی ڈی افسران و اہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہا دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد نے سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز میں پودا بھی لگایا انہوں نے کہا کہ درخت آنے والی نسلوں کے لیے خوبصورت اور محفوظ ماحول کی ضمانت ہیں، جبکہ شجرکاری کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے. بعد ازاں آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری نے ایس ایس پی ماڈل پرزنز اسلام آباد علی اکبر کے ہمراہ اسلام آباد ماڈل جیل کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا انہوں نے مختلف حصوں میں تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیار ہر صورت برقرار رکھا جائے اور باقی ماندہ کام مقررہ تقاضوں کے مطابق جلد مکمل کیا جائے انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی اور کام کے معیار کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا