اسلام آباد ( پی پی اے) ملک میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیاد پر 0.99 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 11.92 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری حساس قیمت اشاریے (ایس پی آئی) کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق 24 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 51 ضروری اشیا میں سے 10 اشیا کی قیمتوں میں کمی، 21 میں استحکام جبکہ 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی قیمت میں 13.45 فیصد، آلو 8.33 فیصد، کیلا 5.62 فیصد، پیاز 2.42 فیصد، ڈیزل 1.57 فیصد، نمک پاؤڈر 0.90 فیصد، پٹرول 0.34 فیصد، چینی 0.23 فیصد، سرسوں کا تیل 0.04 فیصد اور گڑ کی قیمت میں 0.01 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس سب سے کم آمدنی والے گروپ کے لیے بجلی کی قیمت میں 18.76 فیصد، انڈوں 2.02 فیصد، لہسن 1.57 فیصد، ایل پی جی 1.55 فیصد، دال مسور 0.75 فیصد، چکن 0.72 فیصد، واشنگ صابن 0.59 فیصد، دال چنا 0.34 فیصد، مٹن 0.31 فیصد، بیف 0.30 فیصد، دہی 0.27 فیصد، تازہ دودھ 0.14 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 0.11 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق 17,733 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے سب سے کم آمدنی والے گروپ کے لیے حساس قیمت اشاریے میں ہفتہ وار بنیاد پر 0.85 فیصد اضافہ ہوا۔ اسی طرح 17,734 سے 22,888 روپے، 22,889 سے 29,517 روپے، 29,518 سے 44,175 روپے اور 44,175 روپے سے زائد ماہانہ آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے ایس پی آئی میں بالترتیب 1.28 فیصد، 0.81 فیصد، 0.62 فیصد اور 0.85 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صارفین کے لیے حساس قیمت اشاریے کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیا کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔