اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان عوامی قوت پارٹی کے سربراہ اور راول جنرل اینڈ ڈینٹل ہاسپٹل و راول فاؤنڈیشن کے چیئرمین خاقان وحید خواجہ نے کہا ہے کہ تعلیم کا شعبہ ملک میں فوری اور خصوصی توجہ کا متقاضی ہے، ان کی جماعت برسر اقتدار آ کر پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کرے گی۔ انہوں نے یہ بات نامور ماہر تعلیم، محقق اور دانشور کرنل (ر) سید مرتضیٰ علی شاہ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری ملک اعجاز حسین، میجر (ر) احمد ندیم سڈل اور شکیل اعوان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر کرنل (ر) سید مرتضیٰ علی شاہ نے چیئرمین پاکستان عوامی قوت پارٹی کو تعلیمی نظام سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں اور بتایا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم کس طرح نافذ کیا جا سکتا ہے اور اس کے کیا فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے اپنی تصانیف کا البم بھی خاقان وحید خواجہ کو پیش کیا۔ خاقان وحید خواجہ نے کہا کہ وہ تھنک ٹینک کے تصور کے حامی ہیں اور ایسا تعلیمی نظام چاہتے ہیں جس کے ذریعے پاکستانی طلبہ کو دنیا میں اعلیٰ تعلیم کے جدید اور معیاری مواقع میسر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ معیاری تعلیم سے ملک کو بھی فائدہ پہنچے گا اور طلبہ کے خاندانوں کو بھی معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں یکساں نظام تعلیم ہونا چاہیے اور سرکاری سکولوں میں بھی وہی معیار تعلیم فراہم کیا جائے جو نجی سکولوں میں دستیاب ہے، تاکہ طلبہ میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔ جدید علوم سے آراستہ طلبہ نہ صرف دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کو منوا سکیں گے بلکہ بہتر روزگار اور ذریعہ معاش کے مواقع بھی حاصل کر سکیں گے