اسلام آباد( پی پی اے) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اپنے اراکین کو مزید بہتر اور عملی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کے تحت چیمبر کے احاطے میں نادرا پاسپورٹ کاؤنٹر اور اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیئے ہیں، جن کا مقصد کاروباری برادری کو اہم سرکاری خدمات تک آسان اور براہ راست رسائی فراہم کرنا ہے۔ آئی سی سی آئی کے اعلامیہ کے مطابق نادرا پاسپورٹ کاؤنٹر کا افتتاح وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری، سابق صدر آئی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی اور دیگر کاروباری رہنماؤں کی موجودگی میں کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نادرا سید گوہر عباس جعفری اور ڈائریکٹر امیگریشن اینڈ پاسپورٹس، ہیڈکوارٹرز بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے آئی سی سی آئی کے اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاسپورٹ کاؤنٹر سے کاروباری برادری کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی اور آئی سی سی آئی کے اراکین اس سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ بعد ازاں اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک کا افتتاح وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے اراکین قومی اسمبلی انجم عقیل خان اور فرح ناز اکبر، آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب، نائب صدر محمد عرفان چوہدری اور کاروباری برادری کے دیگر نمائندگان کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے آئی سی سی آئی کی جانب سے اراکین کی عملی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سہولت کاری کے اقدامات کو سراہا اور صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود کی کاروباری برادری کے لیے سہولیات بہتر بنانے کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو سرکاری خدمات اس کی دہلیز کے قریب فراہم کرنے سے قیمتی وقت کی بچت ہوگی اور غیر ضروری دفتری مراحل اور مشکلات میں کمی آئے گی، جو کاروبار دوست ماحول کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے کہا کہ کسی بھی چیمبر کی کارکردگی کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ وہ اپنے اراکین کے لیے کتنی آسانی، سہولت اور عملی قدر پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اپنی وکالت اور نمائندگی کو واضح، عملی اور اراکین پر مرکوز رکھنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ پاسپورٹ کاؤنٹر اور اوورسیز فسیلیٹیشن ڈیسک کا قیام بھی اسی عزم کا عملی اظہار ہے۔