شیری رحمان کا لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کے روزگار اور صحت پر زور فیملی پلاننگ کی آسان سہولتوں سے ماں اور بچے کی صحت بہتر بنائی جا سکتی ہے

اسلام آباد ( پی پی اے) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے ورلڈ کنٹراسیپشن ڈے کے موقع پر لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کے روزگار، معیاری صحت کی سہولتوں اور فیملی پلاننگ تک آسان رسائی کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 25 کروڑ 93 لاکھ ہے اور آبادی میں سالانہ 3.7 فیصد اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں فی عورت اوسطاً 3.6 بچے پیدا ہوتے ہیں جبکہ 17.3 فیصد جوڑوں کو فیملی پلاننگ کی مطلوبہ سہولتیں میسر نہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں مانع حمل طریقوں کے استعمال کی شرح 34 فیصد ہے۔ ہر سال تقریباً 11 ہزار ماؤں کی دوران حمل یا زچگی کے دوران اموات ہوتی ہیں جبکہ ہر ایک ہزار زندہ بچوں میں سے 62 بچے ایک سال کی عمر سے پہلے انتقال کر جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مانع حمل طریقوں کے استعمال کی شرح 34 سے بڑھا کر 52 فیصد تک لے جا کر ہزاروں ماؤں اور بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال تقریباً 38 لاکھ اسقاط حمل ہوتے ہیں جبکہ ہر ایک ہزار خواتین میں اسقاط حمل کی شرح 66 ہے۔ غیر ارادی حمل میں کمی اور ماں و بچے کی بہتر صحت کے لیے فیملی پلاننگ کی آسان اور سستی سہولتیں ضروری ہیں۔ سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 2 کروڑ 60 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے، اس لیے لڑکیوں کی تعلیم اور ہنرمندی پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے ضروری ہے۔ خواتین کی تعلیم اور معاشی خودمختاری سے خاندان کے فیصلوں اور صحت کے نتائج میں بہتری آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ آبادی کے رجحان کے تحت 2040 تک پاکستان کو مزید 10 کروڑ 40 لاکھ ملازمتوں، ایک کروڑ 55 لاکھ گھروں اور 57 ہزار پرائمری سکولوں کی ضرورت ہوگی۔ شیری رحمان نے کہا کہ مانع حمل اشیا ضروری صحت کی مصنوعات ہیں اور ان تک آسان رسائی یقینی بنانا ہوگی۔ ملک کی پائیدار ترقی کے لیے لڑکیوں کی تعلیم، خواتین کے روزگار، صحت اور فیملی پلاننگ کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔

Comments (0)
Add Comment