پی پی 153 میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ، تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنانے کی ہدایت

لاہور (پی پی اے) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت حلقہ پی پی 153 میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حلقے کی تمام یونین کونسلز میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ حلقہ پی پی 153 میں ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے ہربنس پورہ تا پھاٹک صدر کینٹ ٹرنک سیوریج منصوبہ، ایک ارب 10 کروڑ روپے کی لاگت سے یوسی 148 کے آمنہ پارک میں ٹیوب ویلز، یونین کونسلز کی گلیوں کی مرمت، سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی سمیت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی پی 153 میں سینکڑوں گلیوں کی مرمت مکمل ہو چکی ہے جبکہ دیگر ترقیاتی اسکیموں پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے لاکھوں علاقہ مکینوں کو بہتر بنیادی سہولیات میسر آئیں گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پی پی 153 میں جاری ترقیاتی منصوبے مقررہ ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کیے جائیں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیار زندگی بلند کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے اور عوامی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر جاری رہے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقتدار میں آ کر عوام کی خدمت کو ترجیح دی ہے اور خالی نعروں کے بجائے حقیقی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں رکاوٹیں دور کرتے ہوئے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر واسا محمد ارمغان خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایل ڈی اے عقیل انور، ایکسیئن واسا سلمان مرزا، ایکسیئن واسا سلطان رفیق، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایل ڈی اے حارث بلال، سائٹ انسپکٹر عاصم اشرف، نیسپاک کے افسران، کنٹریکٹرز، کوآرڈی نیٹر سید اخلاص حسین، عبدالوہاب ملک اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Comments (0)
Add Comment