گورنر بلوچستان کا مسیحی برادری کے مسائل کے حل اور ہر سطح پر خیال رکھنے کا عزم

کوئٹہ ( پی پی اے) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، مسیحی برادری کا ہر سطح پر خیال رکھا جائے گا۔ وہ ہفتہ کو کوئٹہ میں سابق وفاقی وزیر خلیل جارج کی جانب سے مسیحی برادری کے اعزاز میں منعقدہ عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر بلوچستان نے خلیل جارج کو کامیاب عوامی اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اجتماع مسلم لیگ (ن) کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا، جبکہ موجودہ حکومت نے ملک کو مشکل دور سے نکالا اور پاکستان کے عالمی سطح پر مثبت تشخص کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہر سطح پر مسیحی برادری کا خیال رکھے گی۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور بلوچستان کی ترقی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، عوام کی فلاح و بہبود اور بنیادی مسائل کا حل قیادت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ رکن قومی اسمبلی اختر بی بی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھتی ہے اور بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لیے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم پر قائم ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی زرک مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت اور صوبے کی ترقی کے عزم پر قائم ہے

Comments (0)
Add Comment