آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم، فنڈز تخمینہ اور انتخابی تیاریوں کے اقدامات جلد مکمل ہوں گے

میرپور (پی پی اے) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات 2026-27 کے انعقاد کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن خواجہ محمد احسن، ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی، سیکرٹری الیکشن کمیشن ایاز بشیر، الیکشن کمشنر بلدیات راجہ راشد محمود اور نگران بلدیات راجہ مختیار حسین نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے موجودہ نافذ العمل لوکل گورنمنٹ ایکٹ 1990ء میں انتخابات سے متعلق ضروری ترامیم تجویز کرکے حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ میں نافذ بلدیاتی قوانین کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔ ضروری ترامیم کی تیاری کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار فنڈز کا تخمینہ مرتب کرکے حکومت کو ارسال کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا تاکہ انتخابی عمل کے لیے مطلوبہ مالی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی طور پر الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور کمیشن اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے تیار ہے۔ اس سلسلے میں ضروری اقدامات بھی جاری ہیں۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے بروقت اور مؤثر انعقاد کے لیے قانونی، انتظامی اور مالی امور کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے مزید اقدامات جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا

Comments (0)
Add Comment