اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں نے بروقت اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں 5 جبکہ بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں 2 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ محسن نقوی نے کہا کہ خوارجی دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی مسلسل اور کامیاب کارروائیوں کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان اور افسران ہمارا فخر ہیں اور پوری قوم کو اپنے محافظوں پر ناز ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک کی دھرتی سے خوارجیوں اور دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔