لاہور (پی پی اے) محکمہ داخلہ پنجاب نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبہ بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر دفعہ 144 کے تحت 30 روز کے لیے پابندی عائد کردی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کی کوریج کے لیے چھوٹے ڈرون کے محدود استعمال کی اجازت ہوگی، تاہم اندرونی تقریبات میں ڈرون کے محفوظ استعمال کی مکمل ذمہ داری منتظمین پر عائد ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق انٹیلیجنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ڈرون کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ضلعی سطح پر سیف ڈرون یوزیج کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کے استعمال کی تحریری اجازت متعلقہ ضلعی سیف ڈرون یوزیج کمیٹی دے گی، جبکہ کمیٹی کی تحریری اجازت کے ساتھ متعلقہ ڈرون کی پرواز پابندی سے مستثنیٰ ہوگی۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کے سیکشن 144(6) کے تحت آؤٹ ڈور ڈرون کے استعمال پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے